بیسویں صدی کے ایک عظیم اور تاریخ سازشخصیت ….امام خمینی رح

سید انجم رضا

آج عالم ربانی، فاضل صمدانی، عارف کامل،  شجاع، مجاہد راه خدا، اسلامی انقلاب کے رہبر، جمہوری اسلامی ایران کے بانی حضرت آیت اللہ العظمی امام خمینی رضوان اللہ علیہ   کی چھتیسویں  برسی ہے

حضرت امام خمینی قدس سرہ اللہ کے عبد صالح، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سچے کلمہ گو اور پیروکار ، حضرت امیرالمومنین علیہ السلام اور آئمہ اطہار علیہم السلام کے حقیقی محب بلکہ شیعہ تھے۔ آپ نابغہ روزگار تھے، عالم اسلام کی بے نظیر اور بے مثل عظیم شخصیت تھے بلکہ ہیں ۔ کیوں کہ جسم کی موت سے انکا خاتمہ ہوتا ہے جنکی روح مردہ ہوتی ہے لیکن جنکی روح پاکیزہ ہوتی ہے جسم کی موت انکا خاتمہ نہیں بلکہ انکا پرندہ روح قفس جسم سے آزاد ہو کر آفاق پر چھا جاتا ہے۔


بیسویں صدی کے ایک عظیم اور تاریخ سازشخصیت ۔

ظلم وجہالت،بربریت اوربدترین تہذیب وتمدن سے نجات دلانے والے ،دین اسلام پر ایمان کامل رکھنے والے،پختہ عزم ،قوی حوصلہ اور بلند افکارات کے حامل ،انصاف اور انسانیت کے علمبردار،عظیم فقیہ اور ممتاز سیاست مدار حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ خمینی ؒ تین دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی عظیم الشان کارناموں ،بلند افکارات،ممتاز نظریات اور بے باک تجربات کی صورت میں زندہ وپائندہ ہیں اور تادیرسرمشق عمل بن کر نسلوں کو فکری تربیت اور نظریاتی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

امام خمینی   کوئی حادثاتی لیڈر نہیں بلکہ بہ یک وقت ایک مفکر ،ایک مدبر ،ایک مجاہد،ایک فقیہ بھی اور ایک ایسے سیاستدان تھے جس نے سیاست کے سیاروں پہ کمندیں ڈالیںاور ایسا کارنامہ انجام دیا جس سے دنیا بھر کے بڑے سے بڑے سیاستدان انگشت بہ دندان ہیں

امام خمینی ؒ فرد واحد نہیں بلکہ ایک عہد ایک مکتب اورتاریخ ہے جس نے قوم کی تقدیر کا محافظ بن کر نہ فقط ایران بلکہ دنیا بھر میں اسلام اور انسانیت کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو کنارے لگایا ۔امام خمینی ؒ درحقیقت شجاعت،بہادری،جوانمردی ،عزم واستقلال، صبر اورحریت کا دوسرا نام ہے جس نے دنیا بھر کے استکبار کو اپنی وسیع نظریات اور بلند افکارات سے للکارا اور فرعونیت، چنگیزیت، نمرودیت اور یذیدیت کے بدنما چہرے پر ایسی تھپڑ رسید کی جس سے یہ شیطانی قوتیں ابھی بھی حواس باختہ ہیں۔مرد آہن بت شکن حضرت امام خمینی ؒ نے طوفانوں کے رخ موڑ کر اسلام اور انسانیت کو جابروں، ظالموں اور درندہ صفت حکمرانوں سے آزاد کروایا اور آزاد کرانے کا سلیقہ سکھایا۔

آج اگر مسلم دنیا میں القدس لنا کے فلک شگاف نعرے بلند ہورہے ہیں یہ امام خمینی ؒ کی دین ہے جس نے مسلکی معاملات کو بالائے طاق رکھ کر فلسطینی مسلمان بھائیوںکی آزادی اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے یوم القدس کا تاریخ ساز فتویٰ جاری کیا۔اسی طرح دنیا بھر کے مظلوم و مستضعف قوموں خواہ وہ کسی بھی مکتب فکر کے ماننے والے ہو کے حق میں آواز بلند کی ۔

امام خمینی ؒ اتحاد بین المسلمین کے سب سے بڑے علمبردار تھے ۔آپ نے مسلم امہ کو متحد کرنے کی جو پالیسی مرتب کی تھی اگر مسلم امہ ا س پالیسی پر عمل پیرا ہوتے تو دنیا کی کوئی بھی طاغوتی قوت مسلمانوں کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کی جسارت بھی نہیں کرسکتا تھا

امام خمینیؒ اسلامی تاریخ کی ایک ناقابل فراموش شخصیت کا نام ہے۔امام راحل گھٹا ٹوپ اندھیرے میں قندیل رہبانی کی حیثیت رکھتے تھے۔اتنی شہرت و عظمت کے باوجود اس عظیم ترین شخصیت نے جو سادہ روش اختیار کی وہ قابل ستائش ہے۔حقیقت یہ ہے کہ امام راحل حضرت امام خمینی ؒ کی شخصیت روحانی بالیدگی کی علامت ہے۔ایسا فقیہ ،عالم ،مبلغ ،مصنف اور سیاستدان صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔آج امام خمینی ؒ کی۳۶ویں برسی پر اس عظیم الشان قائد کوہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اے رہبر کبیر ! دورود و سلام ہو آپ کی پاکیزہ روح پر

ایسا کہاں سے لاؤں کہ تجھ سا کہیں جسے

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں