صدر پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے
اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے جمعے کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اس ملاقات میں تہران اور اسلام آباد کے روابط میں پہلے سے زیادہ فروغ اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط میں فروغ کی گنجائشیں بہت زیادہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر امیری مقدم نے اس ملاقات میں آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد اور صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کا پر خلوص سلام پیس کیا۔
امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان تاریخی دوست ہیں اور ان کے باہمی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کی جڑیں بہت محکم ہیں۔
اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اسی طرح صدر آصف علی زرداری کی باتوں کی تائيد کرتے ہوئے، ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط میں پہلے سے زیادہ فروغ پر زور دیا ۔
انھوں نے تجارت اور بینکاری کے شعبوں کے ساتھ ہی فضائی اور زمینی نقل و حمل کے شعبوں میں بھی تعاون میں فروغ کو ضروری قرار دیا۔
امیر مقدم نے کہا کہ پاکستان، ترکی، وسطی ایشیا اور یورپ کے ساتھ تجارت میں ایران کے نقل و حمل کے نظام منجملہ چابہار زاہدان ریلوے لائن سے استفادہ کرسکتا ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ صدر آصف علی زرداری کے دور صدارت میں تہران اور اسلام آباد کے روابط میں فروغ کی رفتاری میں تیزی آئے گی۔