یوم پاکستان کے موقع پر تہران میں”آزادی ٹاور” پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا
ایران اور پاکستان کے تعلقات کی 77ویں سالگرہ اور یوم پاکستان کے موقع پر ایرانی دارالحکومت تہران میں واقع آزادی ٹاور کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، ایران اور پاکستان کے تعلقات کی 77ویں سالگرہ اور یوم پاکستان کے موقع پر آزادی ٹاور کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔ اس خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہزاروں ایرانی آزادی ٹاور کے اطراف جمع ہوگئے، جہاں انہوں نے تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔
آزادی ٹاور کو پاکستانی پرچم میں رنگنے کے موقع پر ایرانی عوام سمیت تہران میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو موجود تھے۔
تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ پاک ایران تعلقات کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنا خوبصورت پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی علامت میں آزادی ٹاور کو مخصوص ایل ای ڈی لائٹس کی مدد سے پاکستانی پرچم کی شکل دی گئی اور اس تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے