دی ایمز اسکول اینڈ کالج اسلام آباد میں انٹراسکول مقابلہ حسن نعت
(سید انجم رضاسے)
21 ستمبر 2024ء بروز ہفتہ دی ایمز اسکول اینڈ کالج اسلام آباد میں انٹراسکول مقابلہ حسن نعت منعقد ہوا جس میں مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، مقابلے میں اول، دوئم اور سوئم آنے والوں طلبہ و طالبات میں کیش انعامات اورتعریفی اسناد تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانان خصوصی اسلامی اسکالرز اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق ممبران علامہ محمد امین شہیدی، علامہ عارف حسین واحدی، دانشور و سماجی رہنما محمد عبداللہ گل، زینب الحسینی نے تقریب سے خطاب کیا ۔
مہمانان خصوصی نے اپنے اپنے حطابات میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ آقا دوجہاں کے نقش قدم پر چل کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہی بہترین نمونہ ہے اور آپ کا دین مکمل ضابطہ حیات ہے۔
اس نورانی پروگرام میں معروف دینی رہنما پیر عبداللہ حسینی ،پروفیسر محمد اشفاق ،ڈاکٹر شیخ حسنین نادر ،ریسرج سکالر نعیم الحسن نقوی ،پروفیسر سرور کھوسہ اور سیاسی وسماجی رہنما راجہ مستنصر ممتاز اور سید اعجاز حسین گیلانی نے بھی شرکت کی ۔
مقابلہ حسن نعت میں طالبات میں سے پہلی ,دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب انشا الیاس غزالی سکول ،نورین زہرا والڈ اکیڈمی اف ڈیویلپمنٹ اور فضہ مشتاق دار ارقم سکول نے حاصل کی جبکہ طلبہ میں حسن صادق دی ایمز سکول اینڈ کالج ،عبدالمعز دار ارقم سکول اور سید اخلاق پارس وے سکول نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
تقریب کے آخر میں ایمز اسکول اینڈ کالج کے سی ای او جناب پروفیسر سید امیتاز علی رضوی اور پرنسپل جناب روزی علی نے مہمانان کو شیلڈ پیش کیں اور تمام مہمانوں اور مختلف تعلیمی اداروں سے تشریف لائے ہوئے معزز وفود کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے دلوں کو رسول مقبول ص کی محبت اور اپنے کردار کو ان کی سیرت و تعلیمات سے آراستہ کریں ۔
پروگرام کا اختتام پاکستان کے قومی ترانے پر ہوا۔