امریکہ کی بھارت کو جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے پاکستان سے تعاون کی تلقین

امریکہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر جنوبی ایشیا میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے گفتگو کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کو تنازعات کم کرنے کے لیے سنجیدگی سے مشترکہ کوششیں کرنی چاہییں۔
گفتگو کے دوران مارکو روبیو نے بھارت کے علاقے پہلگام میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکی عزم کو دہرایا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس، نے ایک بیان میں بتایا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جے شنکر کی گفتگو میں انسدادِ دہشت گردی تعاون پر بات چیت ہوئی اور امریکہ نے واضح کیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔
قبل ازیں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں وزیر اعظم نے خطے کی تازہ صورتِ حال اور پاکستان کے مؤقف سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی اور 152 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔