غاصب صیہونی حکومت کو اس کے کئے کی سزا ملنی چاہئے: رہبر انقلاب اسلامی
تہران میں مرکزی نماز عیدالفطر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نماز عیدالفطر کے خطبوں میں ایرانی عوام اور مسلمین عالم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر غاصب صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ فضائی حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس حملے پر غاصب صیہونی حکومت کو سزا ملنی چاہئے اور یہ سزا اس کو دی جائے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی کے اس جملے پر مصلائے امام خمینی کی فضا اللہ اکبر، اسرائیل مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے حالات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت نے نہ صرف یہ کہ رمضان المبارک میں اپنے حملے بند نہیں کئے بلکہ ان کی شدت اور وسعت بھی بڑھا دی ۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے غزہ کے تعلق سے مغربی حکومتوں کی منافقت پر سخت تنقید کی اورفرمایا غزہ کے معاملے میں مغربی حکومتوں نے اپنی ماہیت کے ساتھ ہی مغربی تمدن کی حقیقت بھی برملا کردی۔ آپ نے فرمایا کہ مغربی حکومتوں نے نہ صرف یہ کہ مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ حملے، عورتوں اور بچوں کا قتل عام روکنے کی کوشش نہیں کی بلکہ فلسطینی عوام کی نسل کشی میں صیہونی حکومت کی مدد اور حمایت بھی کی ہے۔
آپ نے اپنے خطبوں کے آخر میں اتحاد بین مسلمین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسلمانوں سے اپنا اتحاد مستحکم کرنے کی اپیل کی۔