ایران نے خطرناک اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دے دی

ایران نے بدھ کے روز محسن لنگر نشین نامی شخص کو پھانسی دے دی، جس پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں معاونت کا الزام تھا۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق، لنگر نشین کو مکمل قانونی عمل کے بعد سزائے موت سنائی گئی، جس میں مقدمہ، اپیل اور سپریم کورٹ کی توثیق شامل تھی۔
محسن لنگر نشین پر الزام تھا کہ وہ 2020 میں موساد کے لیے بھرتی ہوا اور اس نے 2022 میں تہران میں سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کرنل حسن سیاد خدائی کے قتل میں تکنیکی معاونت فراہم کی۔ کرنل خدائی کو ان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گولی مار کر شہید کیا تھا۔ لنگر نشین پر یہ بھی الزام تھا کہ اس نے ایران کے مختلف شہروں میں موساد ایجنٹوں کے لیے محفوظ مکانات کا انتظام کیا اور 2023 میں اصفہان میں ایک فوجی ورکشاپ پر ڈرون حملے میں ملوث تھا، جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا۔